دبئی ، 12؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے ہفتہ کو دوخوشخبری ملی ، پہلی وہ ون ڈے میں عالمی نمبر ون ٹیم بن گئی، دوسری اس کے اسپنر عمران طاہرون ڈے میں نمبر ون گیندباز بن گئے۔طاہر ٹی- 20میں بھی نمبر ون گیندباز ہیں۔عمران طاہر کو سری لنکا کے خلاف5میچوں کی ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا پھل ملا، وہیں بلے باز فاف ڈو پلیسس تازہ درجہ بندی میں پہلی بارسرفہرست پانچ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو ئے ہیں، انہیں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔طاہر نے نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو پیچھے چھوڑدیا ہے ۔جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں کل 10وکٹ حاصل کی ہیں،وہیں فاف ڈو پلیسس نے اس سیریز میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری لگا کرٹیم کوسیریز دلانے میں اہم کرداراداکیاتھا ۔غور طلب ہے کہ افریقہ نے سری لنکاکو ون ڈے میں کلین سوئپ کرتے ہوئے5-0سے شکست دی ہے۔دونوں ہی کھلاڑیوں کے اس مظاہرے سے ان کے پوائنٹس میں اضافہ ہوا اور وہ درجہ بندی میں اوپر چڑھ گئے۔عمران طاہر کرکٹ کے چھوٹے فارمیٹ ٹی- 20میں پہلے سے ہی نمبر ون ہیں، اس سے پہلے بھی وہ ٹی-20میں اس مقام پررہ چکے ہیں۔ون ڈے میں وہ سری لنکا سیریز سے پہلے تک تیسرے نمبر پر تھے اور ان کے712پوائنٹس تھے۔سری لنکا کے خلاف 5 میچوں میں انہوں نے 10وکٹیں حاصل کرکے اپنے اکاؤنٹ میں 49پوائنٹس اورجوڑ لیا ۔طاہر نے نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ اور ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن کو پچھاڑکر نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کے بہترین گیندباز قرار دئے گئے ٹیم انڈیا کے اسپنر آرآشون ون ڈے میں ٹاپ 10کے اندراپنی جگہ نہیں بنا پائے، اشون ہی کیوں ، ون ڈے میں ٹاپ 10میں کوئی بھی ہندوستانی گیندباز نہیں ہے، ہندوستان سے اسپنر اکشر پٹیل کو 11واں، امت مشرا کو 13واں اور روی چندرن اشون کو 19واں مقام حاصل ہوا ہے۔بلے بازوں کی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ٹاپ پر بنے ہوئے ہیں۔بلے بازوں کے درمیان ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے درجہ بندی میں تیسرا مقام برقرار رکھا ہے،ان کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ہیں جبکہ چوتھے نمبر پر فاف ڈو پلیسس ہیں جنہوں نے 7 بلے بازوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا۔ڈوپلیسس کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 67پوائنٹس ملے۔انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی کونٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑا ہے ، ڈی کاک اور آملہ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔سری لنکا سیریز میں ملی جیت کا جنوبی افریقہ کے گیندباز وین پارنیل اور کرس مورس کو بھی فائدہ ہوا ہے۔اس سیریز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے پارنیل نے 16مقام کی چھلانگ کے ساتھ 28واں مقام حاصل کیا ہے۔مورس 70پائیدان کی چھلانگ کے ساتھ 51ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔